نئی دہلی،5؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) دارالحکومت دہلی میں کسانوں کی تحریک میں حصہ لینے پہنچنے والے کسانوں کو بعض میڈیا میں ’خالصتانی‘ اور ’غدار‘ قرار دینے پر ایڈیٹر گلڈ آف انڈیا نے شدید مذمت کی ہے اور میڈیا سے ذمہ دارانہ اور غیرجانبدارانہ صحافت کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا کی صدر سیما مصطفی اور جنرل سکریٹری سنجے کپور نے اپنے جاری کردہ پریس ریلیز میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ میڈیا کا ایک طبقہ کسانوں کو خالصتانی اور غدار قرار دے رہا ہے اور ان کی تحریک کو بدنام کررہا ہے۔ بغیر کسی ثبوت کے کسانوں کے خلاف اس طرح کے الزامات لگانا مناسب نہیں ہے۔ یہ صحافت کی ذمہ داری اور اخلاقیات کے منافی ہے ، میڈیا اداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ خبریں دیتے وقت منصفانہ اور توازن کی پیروی کرے اور تعصب کی پیروی نہ کریں۔ وہ کسی غلط اور جھوٹ پروپیگنڈہ کا حصہ نہ بنیں اور اپنی ساکھ کو برقرار رکھیں ۔